خبرنامہ پنجاب

شہباز شریف کی نااہلی کیلئے ریفرنس جمع

پاکستان:(ملت+اے پی پی) تحریک انصاف نےوزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کا ریفرنس پنجاب اسمبلی سیکرٹیریٹ میں جمع کرا دیا ہے۔ ریفرنس میں وزیر اعلیٰ پر کرپشن، اثاثے چھپانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے رہنما میاں محمود الرشید،اعجاز چودھری اور دیگر کی جانب سے جمع کرایا گیا۔ ریفرنس ماہرقانون بابر اعوان نے تیارکیا ہے جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ 2016 میں ہائی کورٹ کی جانب سے اتفاق اور چودھری شوگر ملز کی جگہ کی منتقلی کو غیرقانونی قرار دیاگیا۔ 1999 میں لندن کورٹ نے شہباز شریف کےذمے ساڑھے سترہ ملین یو ایس ڈالر واجب الادا قرار دئیے۔فروری 2000 میں سترہ ملین ڈالر کی منی لانڈرنگ کر کے پارک لین فلیٹس واگزار بھی کرائے جو وزیر اعلیٰ کےحلف کے منافی ہے ۔ رہنما تحریک انصاف پنجاب اعجاز چودھری کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے اثاثے چھپائے اور ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی۔ اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر کو آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوانے کی درخواست کی گئی ۔