خبرنامہ پنجاب

شہباز کی شوبازیاں نہیں چلیں گی: کائرہ

لاہور: (ملت+اے پی پی) پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر بلاول ہاؤس لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی وسطی پنجاب کے صدر اور سینئر پارٹی رہنماء قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کا وارث ہے اور میراث لیکر چل رہا ہے۔ قمر زمان کائر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی صدارت جان دینے کا نام ہے۔ قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ اب شہباز شریف کی شوبازیاں نہیں چلیں گی، کپتان کی پھرتیاں بھی دم توڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے عوام کے لئے جدوجہد کی۔ قمر زمان کائرہ نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرکے کہا کہ کارکنو! تم کہتے تھے چیئرمین واپس آئے، تو آؤ، اب چیئرمین نے پارٹی سنبھال لی ہے۔ قمر زمان کائرہ نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ گندگی بریگیڈ کے ذریعے کیچڑ اچھالنا شروع کر دیا گیا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے دعویٰ کیا کہ بلاول کے قدم رکھنے پر وزارتیں بانٹنی شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نعرہ بھٹو کا مطلب ہے بھٹو ہم سب میں زندہ ہے۔