خبرنامہ پنجاب

شہراقتدارجرائم کا گڑھ بن گیا، 6 ماہ میں 42 افراد قتل

اسلام آباد: (آئی این پی) شہر اقتدار میں قتل اور ڈاکوں کی بھرمار۔ اغواء برائے تاوان، زیادتی، گلی گلی چوری، راہزنی کی وارداتیں بھی بہت ہوئیں۔ پولیس کی نااہلی سے جرائم پیشہ افراد کے وارے نیارے ہو گئے، شہریوں کیلئے زندگی مشکل ہو گئی۔ سال 2016 کے پہلے چھ ماہ کے دوران اسلام آباد کے 22 تھانوں میں قتل کی 42، اقدام قتل کی 62، اغواء برائے تاوان کی 2، زیادتی کی 124 وارداتیں ہوئیں۔ کار اور موٹر سائیکل چوری کے 132 واقعات ہوئے۔ ڈکیتی، راہزنی، چوری اور نقب زنی کی 400 ایف آئی آرز کاٹی گئیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق سال 2015ء کے پہلے چھ ماہ کی نسبت اقدام قتل، زیادتی اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یکم جنوری سے یکم جون تک چیک ڈس آنر کے سب سے زیادہ 518 مقدمات درج ہوئے۔