شیخوپورہ (آئی این پی) شیخوپورہ شہر کے بارونق بازار سے نامعلوم مسلح 3ڈاکوؤں نے جیولر کے کارخانے سے7ملازمین کو یرغمال بنا لیا، 35لاکھ روپے مالیت کا سونا لوٹ کر فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دیں۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سعید بھائی زرگر نے شیخوپورہ شہر کے بارونق بازارکی گلی زرگراں میں زیورات تیار کرنے کا ایک کارخانہ بنا رکھا تھا کہ گزشتہ روز اس کی عدم موجودگی میں جیولرز کے کارخانے میں 3مسلح ڈاکو زبردستی گھس گئے ، جنہوں نے گن پوائنٹ پر جیولر کے کارخانے سے 7ملازمین کو یرغمال بنا کر ایک کمرے میں بند کر کے تالہ لگا دیا اور کارخانے میں موجود 35لاکھ روپے مالیت کا 700گرام سونا لوٹ لیا اور اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گئے ۔اطلاع ملنے پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ دوسری طرف ڈکیتی کی اطلاع شہر بھر میں پھیل گئی، زرگر ایسوسی ایشن نے احتجاج کرتے ہوئے مین لاہور سرگودھا روڈ بلاک کر دی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کردیا اورملزمان کی جلد گرفتاری نہ ہونے کی صورت میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی۔(اح)