شیخوپورہ:(آئی این پی )شیخوپورہ کوٹ وار کے قریب المناک حادثے میں سکول کے 5 معصوم طلبہ سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے ، ذرائع کے مطابق کوٹ وار کے اڈے کے قریب یوٹرن پر حادثہ پیش آیا ، پہلے کار ایل پی جی سے بھرے ٹینکر سے ٹکرائی اور اس کے بعد اس کی رکشوں سے ٹکر ہوگئی ، عینی شاہدین کے مطابق ٹینکر کا ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث گاڑی پر قابو نہ رکھا اور یوٹرن کے قریب کار کو ٹکر مار دی ، اس سے زور دار دھماکہ ہوا اور ٹینکر میں آگ لگ گئی جس نے قریب سے گزرنے والے سکول کے دو رکشوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ، اس المناک حادثے میں 5 طلبہ جاں بحق ہوگئے مرنے والوں میں ولید ، حمزہ حماد ، شازیہ فاروق ، اور امجد علی کے نام شامل ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کے 50 فیصد سے زائد جسم جھلس چکے ہیں اور ان میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے ۔