خبرنامہ پنجاب

شیخ انصر عزیز آج شاہراہِ دستور پر سائیکلنگ لین کا افتتاح کریں گے

اسلام آباد ۔ 11 نومبر (ملت + اے پی پی) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز آج ( ہفتہ کو) ساڑھے دس بجے صبح شاہراہِ دستور پر سائیکلنگ لین کا افتتاح کریں گے ۔ اس سلسلے میں فارن آفس راؤنڈ اباؤٹ چوک پر ایک پُروقار تقریب منعقد کی جائے گی جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ میڈیا کے نمائندے بھی شرکت کرینگے۔ اسلام آباد میں سائیکلنگ لین اسلام آباد گرین چارٹر کے ایکشن پلان پر عمل درآمد کی ایک کڑی ہے تاکہ سائیکل کی سواری کو فروغ دے کر شہر سے گاڑیوں کے دھوئیں سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کے باعث شہر بے مثال کے قدرتی ماحول کو درپیش خطرات کو کم کرنا ہے ۔ ابتدائی طور پر یہ سائیکل لین شاہراہِ دستور، سکول روڈ F-6 ، مارگلہ روڈF-6/F-7 اور سیونتھ ایونیوپر بنائی جائیں گی بعد ازاں اس منصوبے کو پورے شہر میں توسیع دی جائے گی۔ سی ڈی اے کو اس منصوبے میں دیگر حکومتی اداروں کے علاوہ اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشن اور اسلام آباد کریٹکل ماس اسلام آباد کے علاوہ سول سوسائٹی ، عوامی نمائندوں اور ماحول سے رغبت رکھنے والے افراد کا اشتراک حاصل ہے ۔ اسلام آباد میں سائیکلنگ کے کلچر کو فروغ دینے کے حوالے سے اسلام آباد کے F-9 پارک میں بھی سائیکلنگ ٹریک بنائے جائیں گے جس کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔