خبرنامہ پنجاب

صادق آباد :پولیس اوراندھڑگینگ میں مقابلہ، 7 ڈاکوہلاک

صادق آباد: (آئی این پی) صادق آباد میں پولیس اور اندھڑ گینگ میں مقابلے کے دوران فائرنگ سے 7 ڈاکو ہلاک اور 8 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ماہی چوک کے قریب اندھڑ گینگ کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس چھاپہ مارا تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی ۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے 7 ڈاکو ہلاک جبکہ 8 فرار ہوگئے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فرار ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے ۔ ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر شدید فائرنگ کی ۔ ہلاک ڈاکوؤں میں اندھڑ گینگ کا سرغنہ خانو اندھڑ بھی شامل ہے ۔ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیا ہوا ہے ۔ ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں تھانہ کوٹ سبزل منتقل کی جا رہی ہیں ۔ اندھڑ گینگ قتل ، اغواء اور ڈکیتی سمیت دیگر درجنوں مقدمات میں مطلوب تھا ۔ اندھڑ گینگ چھوٹو گینگ کا دست راست بتایا جاتا ہے ۔ پولیس نے اب تک اندھڑ گینگ کیخلاف تین بار آپریشن کیا تھا ۔