خبرنامہ پنجاب

صدر ممنون نے فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی

اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے اسلام آباد کی فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر انھوں نے پاکستان کی سلامتی خوش حالی اور عالم اسلام کے اتحاد اور یک جہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد صدر مملکت عام افراد میں گھل مل گئے ، لوگوں سے معانقہ کیا اور انھیں عید کی مبارک باد دی۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد صدر مملکت نے ایوان صدر میں عام شہریوں، سفارت کاروں، سیاست دانوں ، اعلی حکام اور سینئر سیٹیزن سے عید ملی اور انھیں عید کی مبارک باد پیش کی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اس موقع پر عید ملنے کے لیے آنے والے سفارت کاروں سے کہا کہ وہ ان کی مخلصانہ اور پر جوش تہنیت اپنے قائدین اور عوام تک پہنچا دیں۔صدر مملکت نے کہا کہ عید کا دن بارگاہ الہی میں شکر بجا لانے کا دن ہے اس موقع پر ہمیں اپنے ماضی کا جائزہ لے کر اس دنیا کو پرامن اور خوبصورت بنانے کا عہد کرنا چاہئے۔ انھوں نے اس موقع پر پاکستان کی ترقی خوشحالی، عالم اسلام یک جہتی اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعاکی۔صدر مملکت سے عید ملنے والے سفارت کاروں میں برطانیہ، آسٹریا، نیدر لیبڈز، فرانس، اٹلی،سویڈن،جرمنی،ڈنمارک، کروشیا ،ازبکستان، انڈونیشیا ، ملائشیا، ایران، قطر، سعودی عرب، تیونس، اردن، سری لنکا،فلسطین اورترکی سمیت درجنوں سفارت کار شامل تھے۔