خبرنامہ پنجاب

صوبائی زکوۃ کونسل نے تعلیمی وظائف کی مد میں دینی مدارس کیلئے 2کروڑ 75لاکھ روپے کا اجراء کردیا

لاہور (ملت + آئی این پی) صوبائی زکوۃکونسل پنجاب نے صوبہ کے 9اضلاع کے 62کے دینی مدارس کو تعلیمی وظائف کی مد میں سال 2016۔17کے لیے 2کروڑ 75لاکھ 5ہزار روپے کا اجراء کردیا ہے ،دینی مدارس کو جاری کردہ رقوم سے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم3982طلباو طالبات مستفید ہو ں گے۔اس امر کا فیصلہ صوبائی زکوۃ کونسل پنجاب کے چےئرمین جسٹس (ر ) اختر حسن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکرٹری زکوۃ و عشرمحمد حسن اقبال،ایڈ منسٹریٹرزکوۃپنجاب محمد یوسف بٹ،کونسل کے اراکین حافظ فضل رحیم اشرفی،حافظ زبیر احمد ظہیر، سعید احمدانصاری ،محمد اظہر فاروقی،محترمہ تنویر کوثرکے علاوہ محکمہ خزانہ ،لوکل گورنمنٹ اور سوشل ویلفےئرکے سیکرٹری صاحبان کے نمائندگان نے شرکت کی۔جسٹس (ر) اخترحسن نے اجلاس میں موجود محکمہ زکوۃ وعشرکے افسران کو جاری کردہ رقوم فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے زیر انتظام چلنے والے 131نئے فنی تربیتی ادارہ جات کی فہرست بندی کرنے اوراس ضمن میں جلد رپورٹ پیش کرنے کے علاوہ دیگر اموربھی زیر بحث آئے۔