سرگودھا۔(ملت آن لائن) حکومت پنجاب نے سرگودھا سمیت صوبہ بھر میں پولیس اہلکاروں اور افسران کے نجی ٹارچر سیل ختم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو حکم دیا ہے کہ وہ سرگودھا سمیت صوبہ بھر کے 36 اضلاع میں نجی ٹارچر سیل بنانے والے پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کریں، حکومت کے نوٹس میں یہ بات لائی گئی ہے کہ پولیس اہلکار بے گناہ افراد کو نجی ٹارچر سیل میں تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور پھر بھاری رشوت لیکر انہیں چھوڑ دیتے ہیں جس کے باعث کئی افراد پولیس تشدد سے معذور بھی ہوجاتے ہیں اور کئی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، حکومت نے تمام نجی ٹارچر سیل بند کرنے کی ہدایت کی ہے اور آئی جی پنجاب سے کہا ہے کہ وہ نجی ٹارچر سیلوں کے بارے میں رپورٹ طلب کرکے انہیں فوری طور پر بند کروائیں۔