خبرنامہ پنجاب

طاہرالقادری کا تحریک انصاف کی لاہورریلی میں شرکت کااعلان

لاہور: (اے پی پی) طاہر القادری نے شیخ رشید اور جہانگیر ترین کے ہمراہ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹریٹ میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر طاہر القادری نے کہا تین ستمبر کو ملک گیر سطح پر بہت بڑا احتجاج ہو گا اور پاکستان تحریک انصاف کے تین ستمبر کے مارچ میں پاکستان عوامی تحریک بھر پور طریقے سے شرکت کرے گی۔ پنڈی احتجاج میں پی ٹی آئی شرکت کرے گی جس کا مقصد انصاف اور کرپٹ حکمرانوں سے حساب لینا ہے۔ پنڈی احتجاج کو قصاص اور سالمیت کا نام دیا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کا جاسوس پکڑا جاتا ہے تو وزیر اعظم کے لب سل جاتے ہیں جبکہ طورخم بارڈر پر حملہ ہوتا ہے پھر بھی وزیراعظم خاموش رہتے ہیں۔ ایسے حکمرانوں کا اقتدار میں بیٹھنا سالمیت کیلئے خطرہ ہے ۔ حکمران آئین، قانون اور جمہوریت کے ساتھ تماشا کر رہے ہیں۔ طاہر القادری نے مزید کہا سو بار کہہ چکا ہوں پنجاب وزیرستان کا باپ ہے اور دہشت گردوں کی ساری نرسریاں پنجاب میں ہیں۔ وقت ہے قوم تین ستمبر کو یوم احتجاج کے طور پر منائے۔ تاجر، کسان ، وکلا ، ڈاکٹر، نرسز سب اکٹھے ہو کر باہر نکلیں اور سانحہ کوئٹہ ، ماڈل ٹاؤن ،گلشن پارک ، ہزارہ برادری کے شہیدوں کا حساب لیں۔