خبرنامہ پنجاب

عمران خان کی سیاست رائے ونڈ کےکھیتوں میں ہی دم توڑ دے گی، راناثنااللہ

راولپنڈی:(اے پی پی) وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان رائے ونڈ گئے تو ان کی سیاست اور تحریک رائے ونڈ کے کھیتوں میں ہی دم توڑ دے گی اور وہ رسوا ہوکر نکلیں گے۔ راولپنڈی میں یوم دفاع پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بھائی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر بھارتی ایجنٹ کے الزامات سے گھٹیا بات اور کوئی نہیں ہوسکتی۔ میاں صاحبان نے طاہرالقادری کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر قانونی ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے اس معاملے کو ادھورا نہیں چھوڑیں گے۔ وہ انہیں عدالت لے کر جائیں گے۔ صوبائی وزیر قانون کا کہنا تھا کہ عمران خان اور طاہرالقادری نے ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے، یہ لوگ ملکی ترقی اور استحکام نہیں چاہتے، دونوں رہنماؤں نے دھرنوں کے ذریعے عزت کے بجائے رسوائی حاصل کی اور مستقبل میں بھی ان کے حصے میں رسوائی ہی آئے گی۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان سڑکوں پر آکر حکومت کو دھمکیاں دیتے ہیں اور اب رائے ونڈ جانے کی بات کرتے ہیں، اگرعمران خان رائے ونڈ گئے تو ان کی سیاست اور تحریک رائے ونڈ کے کھیتوں میں ہی دم توڑ دے گی اور وہ رسوا ہوکر نکلیں گے۔