لاہور: (ملت+اے پی پی) پنجاب کے وزیرقانون رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کے دھرنے صرف انتشار پھیلانے کے لئے ہوتے ہیں۔ لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دھرنے صرف انتشار پھیلانے کے لئے دیئے جاتے ہیں، دھرنے والے کبھی امپائر اور کبھی کسی اور طرف دیکھتے ہیں اور پاکستان کی مقبول لیڈر شپ کوغیرسیاسی طریقے سے ہٹانے کی کوشش میں مصروف عمل رہتے ہیں۔ وزیرقانون پنجاب نے کہا کہ عوام نے دھرنے والوں کی سیاست اوران کے منفی ایجنڈے کو مسترد کر دیا، عوام نے 2 نومبر کے منفی ایجنڈے کو بھی مسترد کردیا تھا، پاکستان کے عوام نے نوازشریف کو وزیراعظم بنایا ہے اور نوازشریف کے ایجنڈے کے ساتھ ہی ہیں، دھرنوں کا سلسلہ عوام کے فیصلوں کی نفی کرنے کے لیے تھا۔