خبرنامہ پنجاب

عوام اب کسی کو ترقی کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، شہبازشریف

لاہور (آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ چند عناصر ذاتی مفادات کی خاطر ترقی اور خوشحالی کے سفر کو روکنے کے درپے ہیں جبکہ عوام اب کسی کو اس سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے وفاقی وزیر جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں امن وامان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عوام کی بے لوث خدمت پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کا شعار ہے۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاکستان کیلئے ایک گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے، جس کی تکمیل سے ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید عام آدمی کی ترقی و خوشحالی کی مخالفت ہے۔ عوام ماضی میں مفاد عامہ کے منصوبوں کی مخالفت کرنے والوں کو یکسر مسترد کر چکی ہے۔