لاہور(اے پی پی ) کوٹ لکھپت کے علاقے میں دو محلے دار عورتوں کی لڑائی کے دوران ایک گروپ کے مردوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے گلی میں کھیلتا ہوا ڈھائی سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بابر چوک میںدو محلے دارخواتین کا کسی بات پر جھگڑا ہو گیا جس پر ایک خاتون کے رشتے داروں آصف، عاقب، وہاب اور شہاب نے گلی میں آ کر اندھا دھند گولیاں برسا دیں جس سے گلی میں کھیلتا ڈھائی سالہ بچہ صائم علی جاں بحق ہو گیا۔ فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ملزمان فرار ہو گئے۔ لخت جگر کی اچانک موت پر ماں دھاڑیں مار مار کر روتی اور کہتی رہی میری دنیا اجڑ گئی، کاش گولی مجھے لگ جاتی۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔ مقتول بچے صائم کا والد محمد حنیف محنت مزدوری کرتا ہے۔ پولیس نے چاروں ملزمان آصف، وہاب، عاقب اور شہاب کو گرفتار کر لیا۔ جھگڑا کرنے والی دونوں خواتین آپس میں رشتے بھی ہیں۔ بچے کے والد محمد حنیف نے کہا ہے کہ میرے معصوم بچے کو ملزموں نے ناحق قتل کر دیا۔ میری وزیراعلیٰ سے اپیل ہے کہ مجھے انصاف دلایا جائے۔