خبرنامہ پنجاب

عیدکی آمد، بازاروں، مٹھائی کی دکانوں اور بیکریوں پررش بڑھ گیا

اسلام آباد: اے پی پی) عید کے قریب آتے ہی بازاروں، مٹھائی کی دکانوں اور بیکریوں میں رش بڑھ گیا۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق میٹھی عید پر مٹھائی کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے کیونکہ زیادہ تر لوگ اپنے پیاروں کو عید پر مٹھائی کا تحفہ پیش کرتے ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے کلچر کا حصہ بن چکا ہے۔ مٹھائی کے کاروبار سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ دوران رمضان کاروبار سست رہا تاہم عید قریب آتے ہی مٹھائی کی فروخت میں سو فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیکریوں پر بھی رش بڑھ رہا ہے جبکہ بازاروں میں خریداروں کا رش بتدریج بڑھتا جا رہا ہے۔ اشیائے ضروریہ ، کپڑوں، جوتوں سمیت دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود جوں جوں عید قریب آ رہی ہے خریداروں کا رش بڑھتا جا رہا ہے۔