خبرنامہ پنجاب

عید سے قبل کارروائیاں‘330 گرفتار،اسلحہ منشیات برآمد

قصور /فیصل آباد/گجرات/منڈی بہاؤالدین/بہاول نگر(آئی این پی) عید سے قبل قانون حرکت میں آ گیا۔ پنجاب کے مختلف اضلاع میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف کارروائیوں کے دوران 330 مشتبہ افرا دکو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں قصور ،فیصل آباد ‘گجرات‘منڈی بہاؤالدین ‘بہاول نگر اور وہاڑی میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیاں کرتے ہوئے 330مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔وہاڑی میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں سر چ آپریشن کے دوران 135مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔گجرات میں پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سرائے عالمگیر ، کھاریاں اور لالہ موسیٰ سے 50 مشتبہ افراد کو حراست لیا۔فیصل آباد میں جڑانوالہ ڈویژن اور گلبرگ سرکل میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا۔ سی پی او افضال احمد کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 51مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔ جن سے 2کلاشنکوف ،2 پستول ،1 رائفل، 1رپیٹرسمیت بھاری تعداد میں چرس اور شراب بھی برآمد کرلی گئی۔بہاول نگر کے بھی مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 7 مشتبہ کو افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔منڈی بہاؤالدین میں محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔جس میں 16مشتبہ افراد گرفتار کرکے ان سے سلحہ برآمد کرلیاگیا۔قصور میں پولیس اورحساس اداروں کے سرچ آپریشن کے دوران مختلف علاقوں سے70سے زائدمشتبہ افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اورمنشیات بھی برآمد کرلی گئی۔