لاہور۔26 مارچ(اے پی پی )پنجاب اسمبلی کے رکن سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ غاصبوں سے لڑنا ہے تو بلاول ابا حضور سے لڑائی کریں‘ بھٹو کی پیپلزپارٹی زرداری اینڈ کمپنی میں بدل چکی ہے، سیدزعیم حسین قادری نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بے سروپا بیان بازی سے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کر رہے ہیں، چھوٹے زرداری بتائیں کہ پیپلزپارٹی نے اپنے پانچ سالہ دور میں عوام کی کیا خدمت کی، پی پی حکومت نے بے بس عوام کو بیروزگاری‘ بدامنی اور لوڈشیڈنگ کے تحفے دیئے، انہوں نے کہا کہ پی پی حکومت نے لوڈشیڈنگ کے ذریعے کسان اور زراعت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، کاشتکار کھادوں اور زرعی مداخل کے لئے ترستے رہے جبکہ چھوٹے زرداری اپنا ریکارڈ درست کر لیں، حکومت پنجاب کاشتکاروں کو زرعی آلات اور دیگر پر سبسڈی دے رہی ہے، پنجاب کا باشعور کاشتکار زرداری اینڈ سنز کے بے سروپا بیانات پر کان نہیں دھرے گا۔ 100ارب کا کسان پیکج زرداری اینڈ سنز کا منہ بند کرنے کے لئے کافی ہے، بے مثال کسان پیکج کی وجہ سے پی پی قیادت سیاسی طور پر خوفزدہ ہو چکی ہے۔