خبرنامہ پنجاب

غلط دستاویزات پرغیرملکی خاتون کو پاکستان لانےوالی ائیرلائن پربھاری جرمانہ

لاہور:(ملت+اے پی پی) فلپائنی خاتون کو ڈبل انٹری ویزے پر تیسری بار پاکستان لانے والی غیر ملکی ائیرلائن پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔ ایف آئی اے نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ڈبل انٹری ویزے پر تیسری بار پاکستان داخل ہونے کی کوشش میں فلپائنی خاتون کو حراست میں لینے کے بعد ڈی پورٹ کردیا جب کہ خاتون کو پاکستان لانے والی ائیرلائن کو 5 لاکھ روپے جرمانے کا نوٹس بھی بھجوا دیا گیا ہے۔ ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق فلپائن کی رہائشی خاتون ملانی ڈیلوس ڈبل انٹری ویزے پر پہلے بھی 2 بار پاکستان آچکی ہے اور اسی ویزے پر تیسری بار بھی پاکستان آنے کی کوشش میں گرفتار ہو گئی، خاتون کو ویزہ ختم ہونے کے باوجود پاکستان لانے والی امارات ایئر لائنز کو وارننگ جاری کرتے ہوئے جرمانہ بھی عائد کر دیا گیا ہے۔