فیروزوالہ:(آئی این پی)فیروزوالہ سگیاں کے علاقہ میں جعلی پیر نے جواں سالہ لڑکی کو جن کا سایہ دور کرنے کے لئے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا ۔ جعلی پیر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لڑکی پر ڈنڈوں کی برسات کر دی جس سے لڑکی شدید زخمی ہو گئی اور جسم پر تشدد کی وجہ سے نیل پڑ گئے ۔ انیقہ نامی لڑکی کا رشتہ نہ ہو رہا تھا تو اُسکے گھر والوں نے کسی کے کہنے پر پیر اعظم سے دم کروانے کا ارادہ کیا اور انیقہ کی بہن تہمینہ اس کو بابا جی کے آستانہ پر محض اس لیے لیکر گئی کہ بابا جی دعا کریں گے تو میری بہن کا رشتہ کہیں طے ہوجائے گا ۔ جعلی پیر پہلے منہ میں کچھ پڑھ کر پھوکیں مارتا رہا اور پھر کہا کہ اس پر جن کا سایہ ہے آج یہ جن نکال دوں گا اور انیقہ کے بالوں پکڑ لیا اور اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس کی کمر پر ڈنڈے برساتا رہا جبکہ لڑکی چیخ و پکار کرتی رہی اور ان کی منت سماجت کرتی رہی جس کے بعد جواں سالہ لڑکی کو عوام کے سامنے زمین پر ناک کی نکیریں نکلوانے کے بعد اس کی جان بخشی کی گئی ۔ حالت غیر ہونے پر لڑکی کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ لڑکی کی حالت دیکھ کر جعلی پیر موقع سے فرار ہو گیا ۔