لاہور:(اے پی پی)فیسوں میں اضافے کی اجازت نہ ملنے پر پرائیویٹ اسکولز ایک بار پھر احتجاج پر اتر آئے۔ پرائیویٹ اسکولز پنجاب ایجوکیشن اتھارٹی نے بل کو رکوانے کیلئے کل اور بدھ کو اسکولز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ مطالبات نہ مانے گئے تو ہڑتال غیر معینہ مدت تک کی جائے گی۔ پاکستان ایجوکیشن کونسل اور آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے فیسوں میں اضافے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے پہلے مر حلے میں آٹھ اور نو مارچ کو پنجاب بھر کے تمام پرائیوٹ سکولز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ تنظیموں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پرائیو یٹ سکولز کی فیسوں میں پانچ فیصد اضافہ قبول نہیں، حکومت فیسوں میں دس فیصد اضافے کی منظوری دے۔آل پاکستان پرائیوٹ سکولز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے پنجاب ایجوکیشن اتھارٹی کے قیام کیلئے لائے جانے والے بل میں بھی انہیں اعتماد میں نہیں لیا، حکومت اس بل کو منظور کروانے سے پہلے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے۔