فیصل آباد۔(ملت آن لائن) پنجاب سیڈ کارپوریشن نے زیادہ غلہ اگاؤ مہم کے تحت 50کلوگرام وزنی تھیلوں میں فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں قصبہ کی سطح پر وافر مقدار میں گندم کا منظور شدہ اقسام کا شہ زور بیج سحر 2006، شفق 2006 ، فرید2006 ، لاثانی 2008 ، فیصل آباد 2008 ، معراج 2008 ، آری 2010، عقاب 2000اور بھکر وغیرہ اپنے سیلز پوائنٹس اور ڈیلرز کو فراہم کر دیا ہے جو خالص ، صحتمند ، اگاؤ کی بہترین صلاحیت کا حامل اور جدید ترین سائنسی مراحل میں تیار کیا گیا ہے ۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن فیصل آباد ڈویژن کے ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ شہ زور تصدیق شدہ بیج کاشت کر کے کاشتکار اپنی انفراد ی اور ملک کی گندم کی اجتماعی پیداوار میں بھر پور اضافہ کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایاکہ شہ زور گندم کا بیج 50کلو گرام کی پیکنگ میں وافر مقدار میں دستیاب ہے اس لئے کاشتکار صرف تصدیق شدہ بیج ہی استعمال کریں ۔ انہوں نے کہاکہ تصدیق شدہ و معیاری بیج کی کاشت سے نہ صرف بیماریوں سے پاک صحت مند فصل حاصل ہو گی بلکہ فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کاشتکاروں کو بیج کے حصول میں کسی قسم کی کوئی مشکل در پیش ہو تو وہ فوری طور پر پنجاب سیڈ کارپوریشن کے قریبی دفتریا ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں ۔