خبرنامہ پنجاب

فیصل آباد:باپ اوردوبیٹوں کااغواءکےبعدقتل

فیصل آباد(آئی این پی) فیصل آباد کے علاقے بلوچنی میں مخالفین نے باپ اور دو بیٹوں کو اغواء کے بعد قتل کردیا تینوں کی لاشیں پانچ روز بعد سیم نالے سے برآمد ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے بلوچنی گاؤں کے رہائشی اکبر علی اور اس کے دو بیٹے شاہد اور ندیم دس مئی کو موٹرسائیکل پر قتل کیس کی پیشی کیلئے عدالت جاتے ہوئے راستے سے اغواء ہوگئے تھے۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اْن کے پیاروں کو مخالفین شفیق، لیاقت اور ان کے ساتھیوں نے اغواء کر کے قتل کردیا ہے اور لاشیں نواحی گاؤں کے سیم نالے میں پھینک دیں۔پولیس حکام کے مطابق مقتول اکبر علی دو سال قبل قتل کے مقدمے میں نامزد تھا اور کیس عدالت میں چل رہا تھا۔پولیس نے مزیدبتایا کہ ملزمان قتل کے بعد گھروں کو تالے لگا کر فرار ہوگئے ہیں۔دوسری جانب فیصل آباد کے ہی علاقے چھوٹی اناسی میں کرائے داروں اور مالک مکان کے درمیان ہونے والے تنازعے نے اٹھارہ سالہ نوجوان کی جان لے لی۔کرائے دار خرم اور اْس کے بھائی نے ظفر عباس کو گھر پر جھانکنے کے الزام میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، شدید زخمی ہونے کے سبب نوجوان جائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس میں شنوائی نہ ہونے اور ملزمان کو گرفتار نہ کرنے پر مقتول کے لواحقین نے لاش سڑک پر رکھ کر ٹروالا سڑک پر ٹائر نذر آتش کر کے سڑک بلاک کردی اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔پولیس حکام کی جانب سے ملزم کو گرفتار کرنے کی یقین دہانی پر ورثاء نے احتجاج ختم کر دیا