فیصل آباد (ملت + آئی این پی) فیصل آباد میں افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں تیز رفتار مسافر بس کنٹینر سے ٹکراگئی۔ حادثے میں 5افراد جاں بحق جبکہ 40سے زیادہ مسافر زخمی ہوگئے‘13 کی حالت تشویش ناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ۔حادثے کے بعد قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔فیصل آباد سے لاہور جانے والی مسافر بس تھانہ نشاط آباد کے علاقے میں سڑک کنارے کھڑے کنٹینر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ بس میں ستر سے زائد مسافر سوار تھے جن میں سے متعدد زخمی ہوگئے۔ پانچ مسافر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے کے چالیس زخمیوں کو الائیڈ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 13زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ کچھ زخمی ڈی ایچ کیو اسپتال بھی لائے گئے حادثے کے بعد شہر کے دونوں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ڈاکٹرز اور بیڈز کی کمی کے باعث زخمیوں کا علاج کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہسپتالوں میں بستروں کی شدید کمی کی وجہ سے ایک ایک بیڈ پر دو دو زخمی لٹائے گئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثہ غلط ڈرائیونگ کے سبب پیش آیا جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔