خبرنامہ پنجاب

فیصل آباد:خاتون کوسسرال والوں نےگلہ دبا کرقتل کردیا

فیصل آباد:(اے پی پی )پولیس تھانہ رضا آباد کے علاقہ میں 18سالہ شادی شدہ خاتون کو سسرال والوں نے گلہ دبا کر قتل کر دیا اور خود کشی کا رنگ دے دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھوانہ کے نواحی علاقے کی رہائشی نور بخت کی شادی رضا آباد میں ساجد کے ساتھ ہوئی تھی ۔ دونوں میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا کہ گزشتہ رات ساجد نے اہل خانہ کی مدد سے نور بخت کا گلہ دبا کر موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ پولیس نے نعش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مارچری یونٹ منتقل کر دی ہے جبکہ ساجد اور اس کے اہل خانہ کا موقف ہے کہ نور بخت موبائل چارجنگ پر لگانے لگی تھی کہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئی ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ متوفیہ کے گلہ ،چہرہ اور پاؤں پر زخم کے نشانات پائے گئے ہیں ۔پولیس نے اہل خانہ سے متوفیہ کی موت کے متعلق حقائق جاننے کے لئے تفتیش شروع کر دی ہے۔