خبرنامہ پنجاب

فیصل آباد:مکان کی چھت گرنےسےخاتون جاں بحق

فیصل آباد:(اے پی پی )تھانہ سمن آباد کے علاقہ ناولٹی پل کے قریب زیرتعمیر مکان کی چھت گرنے کے باعث ایک خاتون جاں بحق جبکہ اس کی دو بیٹاں زخمی ہوگئیں ،ریسیکو1122کے ذرائع کے مطابق ناولٹی پل پرانی سنٹرل جیل کے قریب ایک زیر تعمیر مکان کی اچانک چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب جانے سے 35سالہ نجمہ بی بی اور اس کی دو بیٹیاں شدید زخمی ہو گئیں جنہیں ریسکیو 1122کی ٹیم نے الائیڈ ہسپتال منتقل کیا جہاں نجمہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی،ایک اور واقعہ میں ولی پور گلی نمبر 5کا رہائشی 34سالہ نصیب احمد مکان کی چھت پر کام کر رہا تھا کہ اچانک گر گیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا،ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کار وائی کے بعد نعشیں ورثاء کے سپرد کر دی ہیں۔