فیصل آباد۔(ملت آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے بتایاکہ فیصل آباد کے قومی و صوبائی اسمبلی کے 2حلقوں سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں میں 14اکتوبر بروز اتوار کو منعقد ہونے والے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی خالی رہ جانے والی نشستوں پر ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم آج 12اکتوبر بروز جمعہ کی رات 12بجے ختم ہو جائے گی اور مقررہ وقت کے بعد کسی سیاسی جماعت ، امیدوار یا اس کے حامیوں کو انتخابی مہم چلانے یا کنویسنگ کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ سیاسی جماعت ، امیدوار اور اس کے حامیوں کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے بعد کوئی عذر قابل قبول نہ ہوگا نیز ضمنی انتخابات کی سختی سے مانیٹرنگ کا عمل بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ کسی جگہ پر کسی بد امنی کا احتمال نہ رہے۔اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے بتایاکہ 14اکتوبر بروز اتوار کوفیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 103 سمیت ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 11، پنجاب اسمبلی کی 13، کے پی کے کی 9، بلوچستان کی 2اور سندھ اسمبلی کی 2خالی نشستوں پرضمنی الیکشن منعقد ہورہا ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف ، مسلم لیگ(ن) ،پی پی پی ، دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت آزاد ارکان بڑی تعداد میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 103فیصل آباد III پر پی ٹی آئی کے محمد سعد اللہ ، مسلم لیگ (ن) کے علی گوہر خان اور پی پی پی کے شہادت علی خان میں مقابلہ ہو گا جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 103فیصل آباد VII پر پی ٹی آئی کے شمشیر حیدر ، مسلم لیگ(ن) کے جعفر علی ، پی پی پی کے محمد انور خان مد مقابل ہوں گے۔انہوں نے بتایاکہ 14اکتوبر کو منعقد ہونے والے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب کیلئے حلقہ این اے 103فیصل آباد IIIسے الیکشن لڑنے والوں میں میاں منظور احمد خان وٹو ، احسن ریاض فتیانہ ،مدثراحمد شاہ ، شہادت علی خان بلوچ ، محمد خان ندیم ،محمد سعید ، محمد صدیق ، ذوالفقار علی،رائے اعجاز حسین ، محمد سعد اللہ ، علی گوہر خان بلوچ ، چوہدری ندیم ، رائے عثمان خان، محمد یاسر بلوچ ،رائے امتیاز احمد آصف ،احسن رضا ، منظور حسین ، ثریا ندیم شامل ہیں۔انہوں نے بتایاکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 103فیصل آباد VIIسے جو امیدواران ہیں ان میں حافظ عابد حسین ، منتظر مہدی ، شمشیر حیدر ،ضیاء الرحمن ، ذوالفقار علی ، خالد محمود ، ظہور احمد شاہ قریشی ، چوہدری ارسلان شوکت ، محمد انور خان ،شہزاد بختاور علی، ریاض بختاور ، اشرف علی ،ملک ذوالفقار علی، شہیر داؤد بٹ ، جعفر علی ، مظہر حسین شاہ، محمد اکرم ،محمد خان ندیم ،احسن ریاض فتیانہ ، میاں منظور احمد خان وٹو، اللہ یار،محمد یاسر بلوچ اور احسن رضا شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تاندلیانوالہ فیصل ۱ٓباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103 اورصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 103تاندلیانوالہ میں 25 جولائی کو منعقد ہونیوالے عام انتخابات میں مرزا محمد احمدسکنہ محلہ سرور کالونی تاندلیانوالہ بھی بطور ۱ٓزاد امیدوار الیکشن لڑرہے تھے کہ پولنگ سے پانچ روز قبل انہوں نے اپنے بیٹوں کی طرف سے سپورٹ نہ کئے جانے پر گھریلو جھگڑے کے بعد خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی جس پر دونوں حلقوں میں الیکشن ملتوی کردیا گیاتھا۔انہوں نے بتایاکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103 کے 4لاکھ 37ہزار 460ووٹرز کیلئے 594مردانہ ، 469زنانہ سمیت 1063پولنگ بوتھ اور 389پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں اسی طرح صوبائی اسمبلی کے 2لاکھ 10ہزار 34ووٹرز کیلئے 189پولنگ سٹیشن اور خواتین کیلئے 285، مردوں کیلئے 225سمیت 510پولنگ بوتھس کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ ووٹرز آسانی کے ساتھ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔انہوں نے بتایاکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103فیصل آباد III میں مرد ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 48ہزار 910اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1لاکھ 88ہزار 550ہے ۔انہوں نے بتایاکہ فیصل ۱ٓباد میں 14 اکتوبر کو منعقد ہونیوالے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 2 حلقوں کے ضمنی انتخاب کیلئے مجموعی طور پر 389 پولنگ اسٹیشنز قائم کر دئیے گئے ہیں جن میں سے 80 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے نیز 3414 افراد پر مشتمل پولنگ سٹاف بھی تعینات کر دیا گیا ہے اسی طرح الیکشن میٹریل کے تحفظ ،ترسیل اور پولنگ اسٹیشنز پر حفاظتی انتظامات کو سخت ترین بنانے کیلئے آرمی اور رینجرز کے دستے بھی تعینات کئے جائیں گے تاکہ انتخابات کا شفاف انعقادیقینی ہو سکے۔