فیصل آباد:(اے پی پی) نیب کا فیصل آباد ڈی سی او آفس پر چھاپہ‘ ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ عبدالغفور چوہدری کو کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن کے الزام میں حراست میں لے کر نیب ہیڈ کوارٹر منتقل کر دیا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ عبدالغفور چوہدری ڈی سی او آفس میں واقع اپنے دفتر میں کام کر رہے تھے کہ اس دوران نیب کی ٹیم نے اچانک چھاپہ مار کر ان کو حراست میں لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالغفور چوہدری پر ورلڈ بنک کی جانب سے پنجاب سٹیز گورننس امپروومنٹ پروگرام کی جانب سے جاری کیے گئے فنڈز میں کرپشن کا الزام ہے۔ ذرائع نے بتایا ورلڈ بنک نے پنجاب کے تین شہروں فیصل آباد،گوجرانوالہ اور ملتان میں پنجاب سٹیز گورننس امپروومنٹ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے اربوں روپے کے فنڈز جاری کیے تھے جبکہ ای ڈی او فنانس اینڈ پلاننگ عبدالغفور چوہدری نے مبینہ طور پر ان فنڈز میں کروڑوں کی کرپشن کی تھی جس کی نیب تحقیقات کر رہا تھا اور گزشتہ روز نیب نے اسی سلسلہ میں چھاپہ مار کر انہیں حراست میں لے لیا ہے اور ان سے نیب ہیڈ کوارٹر میں مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا نیب کی اس کارروائی کے بعد پنجاب میں کئی بڑے نام نیب کے شکنجے میں آنے والے ہیں۔