خبرنامہ پنجاب

فیصل آباد کی عوام عمران کومسترد کردے گی:طلال

اسلام آباد :(اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اورٍ رکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہاہے کہ فیصل آباد کے عوام نے 2013ء کے عام انتخابات اور 2015ء کے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کو مسترد کیا اور 2018ء کے انتخابات میں بھی مسترد کریں گے ، فیصل آباد جلسہ سیاسی شعبدہ بازی ہے، جلسہ سے وہاں کے عوام اور 4ہزار سکیورٹی فراہم کرنے والے اہلکاروں کو تکلیف دینے کے سوا کچھ نہیں ہو گا، خواتین کے ساتھ بد تمیزی کی کوشش کی گئی تو سہولت کار کے طور پر ایف آئی آر عمران خان کے خلاف کٹے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ خان صاحب فیصل آباد جلسہ کرنے جارہے ہیں، وہ پہلے فیصل آباد کو کیادے کر گئے اور فیصل آباد کے عوام نے انہیں کیا دیا یہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں ۔ خان صاحب نے دو مرتبہ جلسے کئے اور دو بچوں کی لاشیں دیں اور مڑ کر بھی ان کے خاندانوں کی طرف نہیں دیکھا ،فیصل آباد کے عوام نے 2013ء کے عام انتخابات کے بعد 2015کے بلدیاتی انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہاکہ جلسوں میں کاغذ لہرا کر لوگوں کو گمراہ کرنے والے قومی اسمبلی میں کچھ نہ کرسکے ، ہم ان سے جواب مانگنے کیلئے ان کے پیچھے بھی گئے لیکن خان صاحب بھاگ گئے، جلسوں میں وہ بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں اور دوسروں پر تنقید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی شعبدہ بازی کب تک چلے گی ، عوام سمجھ چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پرویز مشرف کے کالے دھن کی سکیم سے پیسہ صاف کرنے والے چھوٹے تاجروں کو کس طرح چور کہہ سکتے ہیں ۔ یہ تمام چیزیں اب قوم کو بتانا پڑیں گی۔ سیاسی لوٹے اکٹھے کرنے کاسفر راجہ ریاض تک جا پہنچا ہے ، اب آپ مزید کتنے لوٹے اکٹھے کریں گے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کے والد پر بات نہیں کرنا چاہتے تھے مگر آپ نے میاں شریف ،جو محنتی صنعتکار تھے ، ٹیکس ادا کرتے تھے، ان پر انگلیاں اٹھانا شروع کی تو ہم آپ کو بتاناچاہتے ہیں کہ آپ کے والد ،جو ایک انجینئر تھے ،ایسے 5ہزار انجینئر میاں شریف کے ساتھ کام کرتے تھے اور آپ کے والد کرپشن پر برطرف ہوئے تھے۔ طلال چوہدری نے کہاکہ فیصل آباد میں 4ہزار سیکورٹی اہکار تپتی دھوپ اور شدید گرمی میں جلسہ کو سکیورٹی فراہم کریں گے ، ماؤں ، بہنوں کو بھی سکیورٹی دیں گے لیکنآپ کے ٹائیگرز، جو ہمیشہ اور ہر جگہ آپ کے ساتھ ہوتے ہیں ،نے لاہور اور اسلام آباد جیسا کھیل کھیلنے کی کوشش کی اور خواتین کی حرمت کو پامال کیا تو براہ راست ایف آئی آر بطور سہولت کار عمران خان کے خلاف کاٹیں گے۔