خبرنامہ پنجاب

فیصل آباد کے وکلاء کل سے مکمل احتجاجی ہڑتال کریں گے

فیصل آباد (ملت + اے پی پی) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کی اپیل پر فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے وکلاء آج جمعہ اور کل ہفتہ کو مکمل احتجاجی ہڑتال کریں گے اورعدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا جبکہ کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہو گا اور اس موقع پر احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی ۔ ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ جب تک فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ کے بینچ کا قیام عمل میں نہیں آ جاتا اس وقت تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔یہاں یہ بات قا بل ذکرہے کہ فیصل آباد کے وکلاء کئی ماہ سے اپنا احتجاج اور ہفتہ وار ہڑتال کا سلسلہ جاری و ساری رکھے ہوئے ہیں لیکن متعلقہ ارباب اختیار کی جانب سے اس ضمن میں کوئی فیصلہ کن اقدامات نہ کئے جا رہے ہیں جس کے باعث ہڑتال کے روز ہزارو ں سائلان کو اپنے مقدمات کے سلسلہ میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ خود عدالتوں میں پیش ہو کر نئی تاریخیں حاصل کرتے ہیں جس سے انصاف کی بروقت فراہمی کا عمل بھی متاثر ہو رہا ہے۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے صدرکی زیر قیادت ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی اور جنرل باڈی کا اجلاس بھی منعقد کیا جائیگا جس میں اس عزم کا اعادہ کیاجائیگا کہ جب تک فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ کا بینچ قائم نہیں کردیا جاتا اس وقت تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔