خبرنامہ پنجاب

فیصل آباد :بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ؛ شہریوں کا احتجاج

فیصل آباد: (آئی این ؛پی) فیصل آباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور الیکٹرونکس اشیا کے جل جانے کے خلاف انوکھا احتجاج کیا گیا ۔ مظاہرہن جلی ہوئی اشیا ساتھ لے آئے اور فیسکو کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ یہ جلے ہوئے پنکھے فریج بلب اپنے ساتھ لائے علاقہ مکین ہیں غلام محمد آباد کے ، جہاں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کا صبر کا پیمانہ لبریز کر دیا اور رہی سہی کسر زیادہ آنے والے وولٹیج نے نکال دی جس سے بہت سے گھروں کی الیکٹرونکس اشیا ہی جل گئیں جس پر شہریوں نے روڈ کو بلاک کر دیا اور نعرے بازی شروع کر دی ۔ مظاہرین نے فیسکو حکام اور وزیر مملکت کے خلاف بھی نعرے لگائے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی بار شکایت درج کرائی لیکن کوئی ان کی بات نہیں سن رہا ہے ۔ مظاہرین کی جانب سے مختلف اشیا کو آگ لگا کر روڈ بلاک کی گئی تھی جس پر پولیس موقع پر پہنچی اور مذاکرات کئے ۔ دوسری جانب فیسکو نے بھی احتجاج کا نوٹس لیکر معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی ۔