فیصل آباد: (آئی این پی)فیصل آباد میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے خلاف تاجروں نے مارکیٹیں بند کر دیں اور شہریوں کے ساتھ مل کر جھومرہ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ۔ مظاہرین کا کہنا تھا پولیس مجرموں کی پشت پناہی کر رہی ہے ۔ فیصل آباد میں چوری ڈکیتی اور رہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے تاجروں کے میٹر شاٹ کر دئیے ۔ تھانہ منصور آباد کے علاقے میں شہریوں اور تاجر تنظیموں نے بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں کے خلاف جھومرہ روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا ۔ مظاہرین نے ٹائر جلائے اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہر روز شہری لٹ رہے ہیں اور پولیس ملزمان کی پشت پناہی میں ملوث ہے ، مظاہرین نے تھانے کے گھیرائو کی دھمکی دی تو ایس پی مدینہ ٹائون محمد جمیل مذاکرات کیلئے پہنچ گئے اور ملزمان کی گرفتاری اور پولیس کی وردی پہن کر کالی کرتوتوں میں ملوث اہکاروں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا ۔ مظاہرین دو گھنٹے تک احتجاج کرنے کے بعد اعلیٰ حکام کی جانب سے مطالبات پورے ہونے کی یقین دہانی پر پرامن طریقے سے منتشر ہو گئے ۔