خبرنامہ پنجاب

فیصل آباد :لوڈشیڈنگ سےشہریوں کے صبرکا پیمانہ لبریز

فیصل آباد: (آئی این پی) فیصل آباد میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے تنگ شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا ۔ مظاہرین نے سمندری روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کرتے ہوئے حکومت اور فیسکو حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ فیصل آباد سمندری روڈ پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے ستائے ہوئے شہری بجلی لینے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ۔ 17 گائوں کے مکین مظاہرین نے روڈ پر ٹائر جلائے اور ہاتھوں میں ڈنڈے لہراتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مصروف ترین روڈ پر ٹریفک بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیر مملکت ہر روز ٹی وی پر بیان دیتے ہیں کہ کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی جبکہ ان کے علاقے میں 18 سے 20 گھنٹے تک بجلی بند رہتی ہے ۔ رمضان کریم رحمتوں کا مہینہ ہے حکومت ان پر رحم کرے وہ سخت گرمی میں روزہ کی حالت میں احتجاج پر مجبور ہیں ۔ دو گھنٹے احتجاج کرنے کے بعد فیسکو حکام کے ساتھ مذاکرات کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے ۔