خبرنامہ پنجاب

فیصل آباد: مدینہ ٹاؤن کینال روڈ پر سڑک کنارے سوئے 3 افراد قتل

فیصل آباد : (آئی این پی ) فیصل آباد میں سڑک کنارے سوئے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ، تینوں افراد کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ، لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دی گئیں ، پولیس نے واقعہ دشمنی کا شاخسانہ قرار دے دیا ۔ افسوسناک واقعہ فیصل آباد میں تھانہ مدینہ کے علاقے 208 چک موڑ پر پیش آیا ۔ تین دکان دار اپنی دکانوں کے سامنے سو رہے تھے کہ انہیں رات گئے نامعلوم افراد نے قتل کر دیا ، مقتولین کی شناخت غلام اصغر ، محمد اکرم اور مشتاق ولد عطا محمد کے نام سے ہو گئی ہے ، افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی ۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ہے ، واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہو سکتا ہے ۔ اپنے پیاروں کے قتل پر غم سے نڈھال ورثا کا کہنا تھا کہ واقعہ دہشتگردی کا ہو سکتا ہے ۔ بعد ازاں پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے آلائیڈ ہسپتال منتقل کر دیں ۔