فیصل آباد: (اے پی پی)فیصل آباد میں منچلوں نے پتنگوں کے ساتھ حکومتی پابندی ہوا میں اڑا دی ، کائیٹ ایسوسی ایشن کی کال پر شہر میں بسنت منائی جا رہی ہے ، انتظامیہ بے بس ہو کر رہ گئی ۔ فیصل آباد میں کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشن کی کال پر منچلوں نے حکومتی پابندی ہی بو کاٹا کر ڈالی، کھلے عام چھتوں پر پتنگیں اڑائی جا رہی ہیں ۔ انتظامیہ کی جانب سے پتنگ اڑانے پر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جسے پتنگ بازوں نے پتنگوں کے ساتھ ہی ہوا میں اڑا دیا ۔ پولیس کی جانب سے رات گئے کیا گیا کریک ڈاؤن بھی کام نہ آیا ، منصور آباد ، کینال روڈ ، نشاط آباد ، جڑانوالہ روڈ اور جھنگ روڈ پر آسمان پر پتنگیں نظر آ رہی ہیں ۔ کیمیکل والی ڈور کے ساتھ اڑنے والی پتنگیں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا سبب بن سکتی ہیں ۔ پولیس اور انتظامیہ منچلوں کو پکڑنے اور بسنت روکنے میں بےبس نظر آرہی ہے۔