فیصل آباد: وارڈ بوائے کی نرس سے زیادتی کی کوشش پر جوتوں سے پٹائی
فیصل آباد:(ملت آن لائن) سول اسپتال میں نرس سے مبینہ زیادتی کی کوشش پر نرسوں نے وارڈ بوائے کی درگت بنادی۔ فیصل آباد کے سول اسپتال میں ایک وارڈ بوائے نے زیرتربیت نرس سے مبینہ زیادتی کی کوشش کی جس پر نرس نے اپنی ساتھی نرسوں کو بتایا تو انہوں نے وارڈ بوائے کی جوتوں سے پٹائی کردی اور اس کا منہ کالا کرنے کی بھی کوشش کی۔ نرسوں نے وارڈ بوائے کی ڈنڈوں سے بھی پٹائی کی جس پر اس کے ساتھیوں نے اسے بچایا، میڈیا کی جانب سے واقعے کی کوریج کرنے پر وارڈ بوائے کے ساتھیوں نے میڈیا نمائندوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول اسپتال نے ایکشن لیتے ہوئے وارڈ بوائے کو فوری معطل کردیا جب کہ نرسوں نے اسپتال میں کام بند کردیا۔ ایم ایس سول اسپتال کا کہنا ہےکہ وارڈ بوائے کے خلاف قانون کارروائی کے لیے پولیس کو بھی درخواست دی جارہی ہے۔