فیصل آباد:(اے پی پی)فیصل آباد میں گورو نانک پورہ کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ دو شخص جاں بحق ہو گئے ۔ پولیس نے لاشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی ۔ فیصل آباد کے علاقے منیر آباد کے رہائشی سومی اور عتیق کو بکرمنڈی روڈ پر تھانہ گلبرگ کی حدود میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا ، فائرنگ کی زد میں آکر عتیق موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ سومی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ۔ لواحقین سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر پہنچی اور پولیس کی نااہلی پر سراپا احتجاج نظر آئے جس سے پولیس کو مقتول کی لاش ہسپتال منتقل کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے بعد وہ آسانی سے موقع سے فرار ہو گئے ۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ دشمنی کی بنا پر پیش آیا ہے ، پولیس ذرائع کے مطابق سومی پر قتل کا مقدمہ درج تھا اور وہ عدالت کی جانب سے ضمانت لے چکا تھا ۔ عدالت پیشی پر جاتے ہوئے اسے نشانہ بنایا گیا ۔