قصور-(اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب اور آر پی اوشیخوپورہ ریجن کی خصوصی ہدایات پر پولیس نے پتنگ بازوں اورگڈی ڈور بنانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 9ملزمان کو گرفتار کرکے ہزاروں روپے مالیت کی 270پتنگیں ‘80چرخیاں ‘ڈور اور گڈی ڈور بنانے والے آلات برآمد کرلئے ہیں۔ ڈی پی او سیدعلی ناصررضوی کے مطابق پولیس نے ضلع بھرکے مختلف مقامات پرپتنگ بازوں اور پتنگ سازوں کیخلاف گرینڈآپریشن کرتے ہوئے 9ملزمان محمدحسین‘جہانگیر‘جاویدعرف صاحب‘شان‘فرحان‘ احمدتقی اور عاصم رحمان وغیرہ کو گرفتارکرکے ہزاروں روپے مالیت کی 270پتنگیں‘80چرخیاں ‘ڈور اور آلات پتنگ وڈور سازی برآمد کرلئے ہیں۔ ڈی پی اونے مزیدکہا کہ تمام شہری ہمارے لئے باعث عزت ہیں لیکن قوانین کی پابندی کرنابھی شہریوں کی ذمہ داری ہے‘ضلع بھرمیں گڈی ڈوربنانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور جوکوئی بھی شخص گڈی ڈوربنانے یا اڑانے میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔