قصور/گوجرانوالہ (آئی این پی )قصوراورگوجرانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران4 ڈاکو مارے گئے جبکہ 3 فرار ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ڈاکو مختلف وارداتوں میں مطلوب تھے۔ چندا قلعہ کے قریب ناکے پر روکے جانے پر موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔ تعاقب کے دوران جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ناصر شدید زخمی ہو گیا۔ جس کوہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا جبکہ ہلاک ہونیوالے ڈاکو کے دیگر 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ دوسری طرف دھلے کے علاقے میں بھی پولیس کا ڈاکوؤں سے آمنا سامنا ہو گیا۔ فائرنگ کے تبادلہ میں طارق نامی ڈاکو ہلاک جبکہ اسکا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شناخت کرنے پر معلوم ہوا کہ دونوں ڈاکو گوجرانوالہ سمیت دیگر اضلاع کی پولیس کو بھی مطلوب تھے۔ قصور میں پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو مارے گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں ڈاکوؤں کو نشاندہی کیلئے لے جا رہے تھے کہ ان کے چار ساتھیوں نے فائرنگ کرتے ہوئے ساتھیوں کو چھوڑانے کی کوشش کی۔ پولیس کی جانب سے کی گئی جوابی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی فلک شیر اور عباس بھٹو کے نام سے شناخت ہو گئی ۔ پولیس کے مطابق ڈاکو ڈکیتی اور چوری کی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔