قصور-(اے پی پی )کمسن رکشہ ڈرائیورکی غلطی کیوجہ سے سوداسلف کی خریداری کیلئے مصطفی آباد آنیوالی 46سالہ خاتون آئل ٹینکرکے ٹائروں تلے کچلے جانے کے باعث ہلاک ہوگئی‘ رکشہ ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ بتایا گیاہے کہ نواحی گاؤں دفتوہ کی رہائشی46سالہ اختربی بی سودا سلف کی خریداری کیلئے رکشہ پر سوار ہوکر مصطفےٰ آباد آرہی تھی جسے ایک 14/15سالہ کاکم سن لڑکاچلارہاتھا جب وہ فیروزپور روڈمصطفی آباد پہنچے تو قصور کی طرف سے آنیوالے تیزرفتار آئل ٹینکر کے سامنے آگئے ‘کمسن رکشہ ڈرائیورکے رکشہ کو تیزی سے موڑ نے سے اختربی بی اپنا توازن بر قر ار نہ رکھ سکنے کیوجہ سے سڑک پر گر گئی اور پیچھے سے آنیوالے تیزرفتار ٹینکرکے ٹائروں تلے بُری طرح کچلے جانے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئی‘حادثہ کے فوری بعد کمسن رکشہ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ۔ مقامی پولیس نے ضروری کارروائی کیلئے رکشہ اور آئل ٹینکر کو اپنے قبضہ میں لے لیاہے