خبرنامہ پنجاب

قندیل بلوچ کیس، مفتی عبدالقوی شامل تفتیش

ملتان: (اے پی پی) ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس کی تفتیش میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے کیلئے مفتی عبدالقوی کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے سی پی او ملتان کا کہنا ہے کہ مفتی عبدالقوی کو شامل تفتیش کیا جائے گا تاہم انہیں حراست میں نہیں لیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ قندیل بلوچ کے بھائی اسلم کو بھی شامل تفتیش کیا جائے گا تاکہ کیس میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچا جائے ، دوسری جانب مفتی عبدالقوی کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے انہیں کیس میں شامل تفتیش کیا جانا سمجھ سے بالاتر ہے ، دنیا نیوز سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ میری سمجھ میں نہیں آرہا کہ قندیل بلوچ کے قتل سے میرا کیا تعلق ہے ، قندیل بلوچ نے صرف مجھ سے ملاقات کی تھی اور اس دوران قندیل بلوچ کی خواہش پر ہی سیلفیاں بھی بنائی گئیں ۔ قندیل کو اس کے بھائی نے قتل کیا وہ ہی اس کی وجہ بتا سکتے ہیں کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا ، مفتی عبدالقوی نے کہا کہ میں کیس کے حوالے سے پولیس سے مکمل تعاون کرنے کو تیار ہوں اور پولیس جب مجھے شامل تفتیش کرنا چاہے کر سکتی ہے ۔