لاہور(آئی این پی )چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے لاہور میں بچوں کو اغوا کر کے زیادتی کا نشانہ بنانے اور بھیک منگوانے والا گروہ گرفتار کر لیا ۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق چند روز قبل 2 بچوں کو داتا دربار کے قریب سے بازیاب کرایا گیا تھا، ان کی نشاندہی پر پولیس کی مدد سے بھاٹی کے علاقے میں کارروائی کی اور گروہ کے 3افراد علی رضا، ذیشان علی اور اکرم کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک کمسن بچے کو بھی بازیاب کرا لیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ گروہ بچوں کو داتا دربار کے قریب جھگیوں میں محبوس رکھتا تھا، انہیں نشہ آور انجکشن لگائے جاتے اور بھیک بھی منگوائی جاتی تھی۔