خبرنامہ پنجاب

لاہور،دیرینہ دشمنی پر مخالفین کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق

لاہور (آئی این پی ) لاہور کے علاقہ برکی میں دیرینہ عداوت پر مخالفین کی فائرنگ سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔ لواحقین نے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میتیں سڑک پر رکھ کر برکی روڈ بلاک کر دی۔ دوہرے قتل کا یہ واقعہ برکی کے علاقہ پنگالی گاؤں میں پیش آیا۔ جہاں دیرینہ عداوت پر لالو گروپ نے فائرنگ کر کے 30 سالہ عمران اور 28 سالہ ذوہیب کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ لواحقین نے واقعہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لاشیں سڑک پر رکھ کر برکی روڈ بلاک کر دی۔ پولیس کی جانب سے ملزموں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے جبکہ مقتولین کی لاشیں پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔