خبرنامہ پنجاب

لاہور،دینی وسیاسی جماعتوں کا حافظ سعید کی نظر بندی پر احتجاج

لاہور (ملت + آئی این پی) ملک کی قابل ذکر20 دینی و سیاسی جماعتوں کل مسالک ورلڈ پاسبان ختم نبوت کے سربراہ علامہ محمد ممتاز اعوان جے یو آئی کے راہنما حافظ حسین احمدعالمی تحریک تحفظ حرمین کے امیر حافظ زبیر احمد ظہیرجماعت اسلامی کے علامہ شعیب الرحمن جے یو پی کے پیر جمشید نورانی جماعت الدعوۃ کے مولاناامیر حمزہ خاکسار تحریک کے حکیم ماجد جاوید پیپلز موومنٹ بھٹو شہید کے حافظ عمر فاروق جمعیت اہلحدیث کے شیخ محمد نعیم بادشاہ جمعیت اہلسنت کے مولانا محمد حنیف حقانی ملت جعفریہ کے علامہ وقار حیدر نقوی تحریک ختم نبوت کے پیر سلمان منیر علماء و مشائخ اہلسنت کے علامہ اصغر چشتی تحریک ناموسِ رسالت ؐ کے عمر ممتاز اعوان مجلس احرار اسلام کے میاں محمد اویس تحریک حرمت رسولؐ کے ڈاکٹر شاہد نصیر تحریک اتحاد بین المسلمین کے مولانا محمد زبیر ورک مصطفائی جسٹس فورم کے میاں اشرف عاصمی ایڈووکیٹ تحریک اتحاد امت کے مولانا سید چراغ الدین شاہ اور تحریک آزادی کشمیر کے علی عمران شاہین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ محمدسعید اور انکے ساتھیوں کو چھ ماہ کیلئے نظر بند کرنے پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی ایماء پر حافظ سعید کی نظر بندی نہ صرف انتہائی قابل مذمت ہے بلکہ ملکی آزادی و خودمختاری پر بھی سوالیہ نشان ہے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غلامی میں پاکستانی حکمرانوں نے پہل کرکے پاکستان کے امیج کو نقصان پہنچایاجبکہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور عرب لیگ نے ٹرمپ کے مسلم مخالف فیصلوں کو مسترد کرکے جرات و بہادری کا ثبوت دیا پاکستانی حکمرانوں کو بھی ایسا ہی جرات مندانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے تھا۔ حکمران اپنے گلے سے امریکی غلامی کا پٹا اتار پھینکیں اور حافظ سعید اور انکے ساتھیوں کی بلا جواز نظر بندی کو یکسر ختم اور جماعت الدعوۃ پر کسی بھی الزام کو مسترد کرکے غیرت و حمیت کا ثبوت دیں کیونکہ غیور عوام کسی بھی امریکی غلامانہ پالیسی کو ہرگز ہرگز قبول نہیں کرینگے ۔