لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور کے علاقے مزنگ کے ایک گھر میں آتشزدگی سے میاں بیوی اور بچی جاں بحق ہو گئے۔ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے فورینزک ٹیم نے شواہد اکٹھے کر لیے۔آگ لگنے کا واقعہ پہلوان چوک کے ایک گھر میں پیش آیا جہاں آگ گھر کی تیسری منزل پر لگی۔ ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملنے پر پہنچیں اور آگ پر قابو پایا تاہم بد قسمتی سے گھر کے تینوں مکین جاں بحق ہو گئے۔ آگ کی زد میں آکر جھلس جانے 50 سالہ ثمینہ جاں بحق ہوئی جبکہ اس کا شوہر 58 سالہ زاہد اور 4 سالہ عائشہ گہرے دھویں میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے۔ فورینزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی نعشیں مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں۔