لاہور (آئی این پی)لاہور کے علاقے باٹا پور میں رینجرز نے پولیس کانسٹیبل کے گھر چھاپہ مار کر بھارتی و پاکستانی سمیں،متعدد پاسپورٹ سمیت ہیروئن برآمد کرلی۔نجی ٹی وی کے مطابق منگل کو رینجرز نے لاہور کے علاقے باٹا پور میں کارروائی کرتے ہوئے پولیس کانسٹیبل کے گھر پر چھاپہ مار ا جس کے دوران بھارتی ویزے لگے متعدد پاسپورٹ ، 2 بھارتی جبکہ 21 پاکستانی سمیں برآمد کرلی ہیں۔کانسٹیبل ندیم کا تعلق انویسٹی گیشن پولیس ڈیپارٹمنٹ سے ہے ،ملزم ندیم تھانہ ڈیفنس بی میں انویسٹی گیشن برانچ میں تعینات ہے جو منشیات اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔ چھاپے کے دوران ملزم کے گھر سے ہیروئن بھی برآمد ہوئی ہے تاہم ملزم ندیم چھاپے سے قبل ہی فرار ہو چکا تھا جس کی گرفتاری کیلئے پولیس کوششیں کر رہی ہے۔(اح)