خبرنامہ پنجاب

لاہور، محبت میں ناکامی، نوجوان کی پارکنگ پلازہ سے چھلانگ لگا کر خودکشی

لاہور (ملت + آئی این پی) لاہور کے علاقہ گلبرگ میں محبت میں ناکامی پر 25 سالہ نوجوان نے پارکنگ پلازہ سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ لبرٹی چوک کے قریب پیش آیا۔ جہاں مصطفیٰ نامی کار سوار نوجوان نے لبرٹی پارکنگ پلازہ کے تیسرے فلور پر اپنی گاڑی پارک کی۔ اسی دوران مصطفیٰ کی گاڑی میں بیٹھی اپنی دوست سے تلخ کلامی ہو گئی۔ جس پر دلبرداشتہ ہو کر اس نے پلازہ سے چھلانگ لگا دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ جنہوں نے زخمی نوجوان کو جنرل ہسپتال منتقل کر دیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔