خبرنامہ پنجاب

لاہور:ایل ٹی سی بس نے دو بھائیوں کو کچل ڈالا،ایک موقع پر جاں بحق ،دوسرا زخمی

لاہور:(آئی این پی )لاہور کے ریلوے اسٹیشن کے قریب ایل ٹی سی بس نے سڑک عبور کرنیوالے دو بھائیوں کو کچل دیا۔ جس کے باعث 25 سالہ عدنان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ فہد کو شدید زخمی حالت میں میوہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے دونوں بھائی سامان کی خریدفروخت کی غرض سے لاہور آئے ہوئے تھے۔ ریلوے اسٹیشن کے قریب ہوٹل سے کھانا کھانے کی غرض سے باہر نکلے اور سڑک عبور کرتے وقت ایل ٹی سی کی پپلک ٹرانسپورٹ بس نے کچل ڈالا۔ حادثے کے بعد بس ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ دونوں بھائیوں کو شدید زخمی حالت میں ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو نے میو اسپتال منتقل کیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 25 سالہ عدنان جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔