خبرنامہ پنجاب

لاہور:بارش سے فیڈرٹرپ بجلی کا نظام شدید متاثر

لاہور: (آئی این پی) لاہور میں طوفانی ہوا اور بارش سے موسم تو خوشگوار ہوا لیکن نظام زندگی ہوا متاثر ۔ نشیبی علاقوں میں پانی پانی ، بجلی غائب ، پروازیں منسوخ ، تیز بارش سے دو چھتیں بھی گر گئیں ۔ صبح آٹھ بجے کالی گھٹاؤں نے سورج کو مات کیا ۔ تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش نے جل تھل کر دیا اور گرمی رفو چکر ہو گئی ۔ گرمی تو بھاگی لیکن موسم کے خطرناک تیوروں نے شہریوں کو بھی چکرا دیا ۔ ائرپورٹ اور اطراف میں 60 جبکہ شہر میں 40 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔ نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوا تو سڑکیں بھی پانی پانی ہو گئیں ۔ بارش کے باعث شہر کے سو سے زائد فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا ۔ ائیرپورٹ سے سات پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ دو مقامات پر گھروں کی چھتیں گرنے سے چار افراد معمولی زخمی بھی ہوئے ۔ موسم کا حال بتانے والوں نے کہا ہے کہ سورج بادل اور بارش کا یہ کھیل آئندہ چند روز بھی جاری رہے گا ۔