خبرنامہ پنجاب

لاہور:ریس کلب سےدوبچوں کی لاشیں برآمد

لاہور:(اے پی پی) لاہور ریس کلب میں پانی کے تالاب سے دو بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں ۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا کر پولیس نے تفتیش شروع کردی ۔ لاہور میں ریس کلب کوٹ لکھپت کے پانی والے تالاب سے دو بچوں کی لاشیں ملیں جن کی شناخت سات سالہ شفاقت اور 8 سالہ عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ۔ دونوں بچے ریس کلب سے ملحقہ آبادی کے رہائشی ہیں اور گذشتہ روز دو بجے سے لاپتہ تھے ۔ لاشیں ملنے کی اطلاع پر بچوں کے ورثا اور اہل علاقہ موقعہ پر پہنچ گئے ۔ ریس کلب انتظامیہ کے لوگ گھوڑے نہلانے تالاب پر آئے تو انہیں پانی میں لاشوں بارے معلوم ہوا ۔ واقعہ کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ پولیس حکام بھی موقعہ پر پہنچ گئے ۔ پولیس حکام کے مطابق بظاہر واقعہ بچوں کے ڈوبنے کا ہے تاہم قتل کو بھی مد نظر رکھ کر تفتیش کی جائے گی ۔ پولیس نے لاشیں مردہ خانے بھجوا کر علاقے کو وقتی طور پر ہر قسم کی آمدورفت کے لئے بند کر دیا ۔